پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات ارمچی میں اختتام پذیر

ارمچی(بولونیوز)چینی وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے اہم مذاکرات چین کے شہر ارمچی میں اختتام پذیر ہو گئے۔

چینی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ مذاکرات میں دونوں ممالک کے وفود نے شرکت کی، جن میں خارجہ امور، دفاع اور سلامتی کے انچارج اعلیٰ حکام کے نمائندے شامل تھے۔ مذاکرات کے دوران فریقین نے باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔

بیان کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے وفود نے مذاکرات کی میزبانی اور سہولت کاری پر چین کا شکریہ ادا کیا اور چین کے مثبت و تعمیری کردار کو سراہا۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دوطرفہ مسائل کے حل کے لیے ایک جامع منصوبے پر مزید مشاورت کی جائے گی۔

چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک نے مستقبل میں بھی باہمی مواصلات اور بات چیت کو برقرار رکھنے، اعتماد سازی کو فروغ دینے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

مبصرین کے مطابق ارمچی مذاکرات پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بہتری اور علاقائی تعاون کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیے جا رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *