شرجیل میمن کی محسن نقوی سے ملاقات، وفاق اور سندھ میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
کراچی(بولونیوز) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں وفاق اور سندھ کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں ملکی امن و امان، بین الصوبائی تعاون، منشیات کے خاتمے اور عوامی خدمات کی بہتری سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران کراچی سمیت سندھ کے بڑے شہروں میں منشیات کی روک تھام اور امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سندھ حکومت کو کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب آپریشنز پر مبارکباد دی اور سندھ پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس نے مشکل حالات میں پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن و امان کی بحالی میں قابلِ ستائش کردار ادا کیا ہے۔
اس موقع پر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ اور تعاون قومی چیلنجز سے نمٹنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قومی مفاد کے معاملات میں تمام اداروں اور حکومتوں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت جرائم کے خاتمے، امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کرے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یقین دہانی کرائی کہ امن و امان کے قیام اور منشیات کے خاتمے کے لیے وفاقی حکومت سندھ حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان رابطوں کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ عوامی مسائل کے حل اور بہتر طرزِ حکمرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔


