محرم الحرام میں امن و امان کیلئے سیکیورٹی انتظامات پر اجلاس

کراچی(بولونیوز) ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کی زیر صدارت کراچی پولیس آفس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی انتظامات سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں زونل ڈی آئی جیز، ڈی آئی جی ٹریفک، ضلعی ایس ایس پیز، فقہ جعفریہ کے علماء کرام، مجالس و جلوس کے آرگنائزرز اور دیگر متعلقہ عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران محرم الحرام کے موقع پر سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں شریک علماء کرام اور جلوس و مجالس کے منتظمین نے گزشتہ برسوں کے سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات پر پولیس کے تعاون کو سراہتے ہوئے مزید بہتری کے لیے تجاویز پیش کیں۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ان تجاویز کو غور سے سنا اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

علماء اور منتظمین کی جانب سے انٹری پوائنٹس، جلوس کے پرمٹس، سڑکوں کی استرکاری، تجاوزات، ٹریفک کی روانی اور لوڈ شیڈنگ سے متعلق مسائل کی نشاندہی کی گئی، جس پر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے اجلاس میں موجود افسران کو ہدایت کی کہ سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر ان مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے۔

کراچی پولیس چیف نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے لیے این او سی اور پرمٹس کو قابلِ عمل بنایا جائے اور سیکیورٹی پلان کو مدنظر رکھتے ہوئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے دہشت گردی اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے اور علماء کرام کی سیکیورٹی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں امن و امان کے قیام اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ اجلاس کے اختتام پر کراچی پولیس چیف نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور پولیس کے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *