لبنان پر اسرائیلی حملے جاری رہے تو معاہدے سے نکل جائیں گے: ایرانی مندوب

نیویارک(بولونیوز)ایران نے لبنان پر اسرائیل کے جاری حملوں کے خلاف جنگ بندی سے متعلق سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے اہم اعلان کر دیا ہے۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مندوب امیر سعید ایروانی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر لبنان پر اسرائیلی حملے جاری رہے تو ایران جنگ بندی معاہدے سے نکل جائے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ اگر اسرائیل نے لبنان پر بمباری بند نہ کی تو اُسے آنے والے دنوں میں سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایرانی مندوب نے واضح کیا کہ ایران خطے میں امن کا خواہاں ہے، تاہم لبنان کی خودمختاری اور شہری آبادی پر حملوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ حال ہی میں امریکہ اور ایران کے درمیان دو ہفتوں کے لیے ایک عارضی سیزفائر طے پایا ہے، جسے ایران اپنی ’’فتح‘‘ قرار دے رہا ہے، جبکہ امریکہ اور اسرائیل نے بھی اس معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔ معاہدے میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور ایران پر حملے روکنے سے متعلق شقیں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے آج بیروت سمیت لبنان کے مختلف علاقوں میں شدید فضائی حملے کیے، جن کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ ان حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *