امریکا اور ایران کے باہمی میزائل حملوں کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ
واشنگٹن(بولونیوز) امریکا اور ایران کے ایک دوسرے پر میزائل حملوں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل 98 ڈالر فی بیرل جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 95 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا۔
دوسری جانب ایشیائی اور یورپی اسٹاک مارکیٹوں میں ملا جلا رجحان رہا۔ پاکستان میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج** کا ہنڈریڈ انڈیکس 831 پوائنٹس کی کمی کے بعد ایک لاکھ 70 ہزار 190 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
عالمی سطح پر جرمنی، فرانس، برطانیہ، ہانگ کانگ اور بھارت کی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی دیکھی گئی، تاہم جاپان میں نکئی انڈیکس 2 فیصد سے زائد اضافے کے ساتھ بند ہوا۔
ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی مالیاتی اور توانائی منڈیوں میں بے یقینی کی فضا برقرار ہے۔


