حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان بڑا بریک تھرو، وفاقی بجٹ پیش کرنے پر اتفاق
اسلام آباد(بولونیوز) حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے، جس کے تحت وفاقی بجٹ 10 جون کو پیش کرنے پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔
ترجمان ڈپٹی وزیرِاعظم کے مطابق حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ اسحاق ڈار اور وزیرِخزانہ محمد اورنگزیب نے پیپلز پارٹی کی قیادت سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ، ترقیاتی منصوبوں اور ملکی معاشی ترجیحات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ ترجمان کے مطابق دونوں جماعتوں نے متفقہ طور پر وزیراعظم کو سفارش کرنے پر اتفاق کیا کہ بجٹ برائے مالی سال 2026-27 بدھ 10 جون 2026 کو پیش کیا جائے۔
اس بریک تھرو کو حکومت اور اتحادی جماعت کے درمیان تعاون کے تسلسل کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔


