ایم کیو ایم کے وفد کی بجٹ سے قبل مطالبات کی منظوری کے لیے وزیرِ اعظم سے ملاقات 12 جون 2026

اسلام آباد(بولونیوز)بجٹ سے قبل متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے وفد نے اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات کی۔

ملاقات میں ایم کیو ایم کی بجٹ تجاویز، بلدیاتی حکومتوں سے متعلق مجوزہ آئینی ترمیمی بل اور سندھ میں گورنر کے معاملے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم نے کراچی کے لیے 20 ارب روپے اور حیدرآباد کے لیے 5 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج پر اصولی رضامندی ظاہر کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم نے ایم کیو ایم کے مجوزہ آئینی ترمیمی بل پر پیپلز پارٹی سے مشاورت کی یقین دہانی بھی کروا دی، جبکہ ملاقات کے دوران انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) اس مجوزہ آئینی ترمیمی بل کی حمایت کرتی ہے۔

گورنر سندھ کے معاملے پر ایم کیو ایم نے مؤقف اختیار کیا کہ سندھ میں گورنر شپ ان کا حق ہے۔ اس پر حکومتی نمائندوں نے کہا کہ فی الحال گورنر سندھ کے معاملات مکمل ہو چکے ہیں، تاہم آئندہ مناسب وقت پر اس مسئلے پر غور کیا جائے گا۔

ایم کیو ایم کے وفد میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر فاروق ستار، مصطفیٰ کمال، امین الحق اور جاوید حنیف شامل تھے۔

وزیرِ اعظم کے ہمراہ اسحاق ڈار، رانا ثناء اللہ، احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، عطاء تارڑ اور توقیر شاہ موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *