آئندہ بجٹ میں وزارتوں اور ڈویژنوں کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 682 ارب روپے مختص کرنے کا تخمینہ
اسلام آباد(بولونیوز)آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ سے متعلق دستاویزات کے مطابق وزارتوں اور مختلف ڈویژنوں کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 682 ارب روپے مختص کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور پاور ڈویژن کے لیے 312 ارب روپے سے زائد کی رقم مختص کی جائے گی۔ اس میں این ایچ اے کو 224 ارب روپے جبکہ پاور ڈویژن کو آئندہ مالی سال کے دوران 88 ارب روپے دیے جانے کی تجویز ہے۔
اسی طرح آبی وسائل ڈویژن کے لیے 104 ارب روپے مختص کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ صوبوں اور اسپیشل ایریاز کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 233 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے۔
دستاویز کے مطابق صوبائی نوعیت کے منصوبوں پر 88 ارب روپے جبکہ انضمام شدہ اضلاع کے لیے 56 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے مجموعی طور پر 89 ارب روپے مختص کیے جانے کا تخمینہ ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ڈیفنس ڈویژن کے لیے 11 ارب روپے جبکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے لیے 46 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
وزارت منصوبہ بندی کی دستاویزات کے مطابق بجٹ میں ریلوے ڈویژن کے لیے 40 ارب 65 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، جبکہ وزارت داخلہ کو 22 ارب روپے اور وزارت اطلاعات کو پونے 3 ارب روپے دیے جانے کا امکان ہے۔
یہ تجاویز آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کا حصہ ہوں گی، جن کی حتمی منظوری پارلیمنٹ سے دی جائے گی۔


