آپریشن غضب للحق: پاکستانی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں افغان طالبان رجیم کی بدترین پسپائی
اسلام آباد(بولونیوز)پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے آپریشن غضب للحق کے تحت سرحد پار حملوں کا بھرپور اور مؤثر جواب دیتے ہوئے افغان طالبان رجیم کو شدید پسپائی پر مجبور کر دیا۔ کارروائیوں کے نتیجے میں دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں مل گئے، جبکہ افغان میڈیا نے بھی پاکستانی فورسز کے ہاتھوں طالبان رجیم کی شرمناک ہزیمت کی تصدیق کر دی ہے۔
پاکستانی سکیورٹی فورسز کے ساتھ حالیہ جھڑپوں کے بعد افغان طالبان نورستان اور کنڑ میں قائم سرحدی چوکیاں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق طالبان عناصر پسپائی کے بعد مساجد میں چھپ گئے اور بعض نے عام شہریوں کے روپ میں علاقوں سے راہِ فرار اختیار کی۔
قبائلی عمائدین کا کہنا ہے کہ افغان طالبان رجیم سکیورٹی کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور اپنی عبرتناک شکست چھپانے کے لیے غلط معلومات پھیلا رہی ہے۔ ان کے مطابق طالبان رجیم کی غفلت کے باعث مقامی آبادی شدید مشکلات اور فاقہ کشی کا شکار ہے۔
مقامی آبادی نے سکیورٹی اور مدد کے لیے پاکستانی سکیورٹی فورسز سے رجوع کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے، جو طالبان رجیم پر عدم اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ طالبان رجیم کے خلاف حالیہ کارروائیاں اس امر کی واضح دلیل ہیں کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق پاکستان نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر دوٹوک پیغام دے دیا ہے کہ آئندہ دہشت گردی اور اس کی سرپرستی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔


