اٹلی کا غزہ امدادی قافلے کے گرفتار ارکان سے بدسلوکی پر اسرائیلی سفیر کو طلب کرنے کا فیصلہ
روم(بولونیوز)روم میں اٹلی نے غزہ کے لیے امداد لے جانے والے قافلے کے گرفتار ارکان کے ساتھ مبینہ بدسلوکی پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسرائیل کے سفیر کو طلب کر لیا ہے۔
اطالوی حکومت کا کہنا ہے کہ امدادی قافلے کے گرفتار افراد کے ساتھ اسرائیلی حکام کا رویہ ناقابل قبول ہے اور اس معاملے پر اسرائیلی سفیر کو وضاحت دینی ہوگی۔
اطالوی وزیراعظم جورجیا میلونی نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی وزیر ایتامار بین گویر کی جانب سے مظاہرین کے ساتھ سلوک کی تصاویر انتہائی تشویشناک ہیں اور انسانی وقار کے منافی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اطالوی شہریوں سمیت دیگر افراد کے ساتھ ایسا سلوک کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ وزیراعظم کے مطابق اٹلی اپنی شہریوں کی جلد رہائی کے لیے اعلیٰ ترین سطح پر اقدامات کر رہا ہے۔
جورجیا میلونی نے مزید کہا کہ اسرائیل کو اس واقعے اور مظاہرین کے ساتھ روا رکھے گئے سلوک پر معافی مانگنی چاہیے، جبکہ اطالوی حکومت اس معاملے کو سفارتی سطح پر مسلسل اٹھا رہی ہے۔


