ایم کیو ایم کا ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار
حیدرآباد(بولونیوز)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انتظامی امور پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔
حیدرآباد پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس سے متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی وسیم حسین، رکن صوبائی اسمبلی راشد خان اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔
ایم کیو ایم رہنماؤں کا کہنا تھا کہ موجودہ سسٹم کے تحت ڈپٹی کمشنر آفس میں افسران تعینات کیے جاتے ہیں، جہاں کرپشن سرِعام ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کے دفتر سے مختیارکار کی اینٹی کرپشن کے ہاتھوں گرفتاری نے پورے نظام کی قلعی کھول دی ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب شہر میں پانی کا شدید بحران ہے تو کیا یہ ذمہ داری میئر کی نہیں بنتی؟ ایم کیو ایم رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ سندھ میں حکمران پاکستان پیپلز پارٹی کے دور میں پورا نظام ہی کرپشن کا شکار ہو چکا ہے۔
پریس کانفرنس میں مطالبہ کیا گیا کہ حیدرآباد کے شہری مسائل کا فوری حل نکالا جائے اور ڈپٹی کمشنر آفس سمیت تمام متعلقہ اداروں میں شفاف احتساب کو یقینی بنایا جائے۔


