یومِ شہادت حوالدار لعلک جان شہید (نشانِ حیدر): مسلح افواجِ پاکستان کی جانب سے عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت
راولپنڈی(بولونیوز)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز؛ ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف نیول اسٹاف؛ اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، چیف آف دی ایئر اسٹاف سمیت مسلح افواجِ پاکستان نے حوالدار لعلک جان شہید (نشانِ حیدر) کی یومِ شہادت کے موقع پر ان کی بے مثال جرأت، غیر متزلزل عزم اور مادرِ وطن کے دفاع میں دی گئی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
سن 1999 میں آج کے دن کارگل کے محاذ پر حوالدار لعلک جان شہید نے دشمن کے مسلسل اور شدید حملوں کے باوجود غیر معمولی بہادری اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی پوسٹ کا دفاع کیا۔ شدید زخمی ہونے کے باوجود انہوں نے انخلا سے انکار کیا اور آخری سانس تک بے جگری سے لڑتے ہوئے فرض کی راہ میں جامِ شہادت نوش کیا۔
مسلح افواجِ پاکستان کے مطابق حوالدار لعلک جان شہید کی لازوال قربانی شجاعت، استقامت اور بے لوث خدمت کی درخشاں مثال ہے جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔ ان کی شہادت نے قوم کے دفاعی عزم کو مزید مضبوط کیا اور یہ پیغام دیا کہ وطن کی حرمت پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔
قومی قیادت اور مسلح افواج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور وقار کے تحفظ کے لیے ہر قیمت پر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔


