مختلف علاقوں میں گیس کی عارضی معطلی کا اعلان

کراچی(بولونیوز)سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے شہر کے مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔اعلامیے کے مطابق نیپا فلائی اوور کے قریب دوسرے مرحلے میں 20 انچ قطر کی ہائی پریشر گیس پائپ لائن کی لوئرنگ کا کام ہفتہ 23 مئی اور اتوار 24 مئی کی درمیانی شب کیا جائے گا۔ یہ کام رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک جاری رہے گا، تاہم تکنیکی وجوہات کی بنا پر اس میں توسیع بھی ممکن ہے اور مرمتی سرگرمیاں صبح 8 بجے تک جاری رہ سکتی ہیں۔

سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق اس دوران لیاقت نیشنل اسپتال، آغا خان اسپتال، کراچی سینٹرل جیل، گلشنِ اقبال، پی آئی بی کالونی، جمشید روڈ، لائنز ایریا، لیاری، گارڈن، پی ایچ ایس سوسائٹی اور کھارادر کے بعض علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل رہے گی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ سائٹ انڈسٹریل ایریا میں گیس کے کم پریشر کا بھی سامنا ہو سکتا ہے۔ کمپنی نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *