قوانین میں ترمیم: ایران میں خواتین کو بڑی آزادی مل گئی!

تہران(بولونیوز)ایران میں خواتین پر متعدد پابندیاں عائد ہیں تاہم قوانین میں ترمیم کر کے ایرانی خواتین کو بڑی آزادی فراہم کر دی گئی ہے۔

ایران میں خواتین پر متعدد پابندیاں عائد ہیں اور وہاں حقوق نسواں کے لیے کئی بار مظاہرے بھی کیے گئے ہیں۔ تاہم اب ایران میں خواتین کے حقوق کی جانب بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے اور انہیں آزادانہ موٹر سائیکل چلانے کی باضابطہ اجازت مل گئی ہے۔

ایرانی خواتین کو آزادانہ موٹر سائیکل چلانے کی اجازت دینے کے لیے کئی دہائیوں قبل بنائے گئے ٹریفک قوانین میں واضح ترمیم کی گئی۔

ایرانی صدر کے نائب اوّل محمد رضا عارف نے ٹریفک کوڈ میں ترمیم پر دستخط کر دیے ہیں۔ جس کے بعد ایران میں خواتین کو موٹرسائیکل چلانے کی تربیت لینے، امتحان دینے اور باضابطہ لائسنس حاصل کرنے کا حق بھی مل گیا۔

ایران کا یہ اقدام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ملک میں اقتصادی اور معاشرتی احتجاجات نے حکومت پر دباؤ بڑھایا ہوا ہے۔ بعض ناقدین اسے اصلاحات کی جانب ایک چھوٹا قدم قرار دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ایران میں باضابطہ طور پر خواتین کے موٹرسائیکل چلانے پر پابندی نہیں تھی مگر پولیس عملاً خواتین کو لائسنس ہی جاری نہیں کرتی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *