جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی بربریت جاری، 2 نومولود سمیت 24 فلسطینی شہید

فلسطین(بولونیوز)جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج کے غزہ پر حملے جاری ہیں تازہ کارروائی میں دو نومولود سمیت 24 فلسطینی شہید ہو گئے۔عالمی طاقتوں کی مداخلت پر صہیونی ریاست اسرائیل بدمست ہاتھی کی طرح نہتے فلسطینیوں کو کچلنے میں مصروف ہے اور اسرائیلی فوج کی غزہ کے مسلمانوں پر بربریت کا سلسلہ جاری ہے۔

گزشتہ رات گئے اسرائیلی بمباری میں مزید 24 فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں 2 نومولود بھی شامل ہیں۔غزہ کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے شہید ہونے والوں میں خواتین، بچے اور ڈیوٹی پر موجود ایک طبی اہلکار بھی شامل ہے۔

غزہ کے شفا اسپتال کے حکام کے مطابق شمالی غزہ کے طفاح علاقے میں ایک عمارت پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے کم از کم 11 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں خواتین اور بچے شامل تھے۔اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹرمحمد ابو سلمیہ نے سیز فائر پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ زمینی حقائق بتاتے ہیں اسرائیلی حملے بند نہیں ہوئے ہیں۔

غزہ کے صحت حکام کے مطابق جنگ بندی کے بعد سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 556 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں نصف سے زائد خواتین اور بچے شامل ہیں، جبکہ اسرائیل کے مطابق اس دوران اس کے چار فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *