ہیوی ٹریفک کا المناک حادثہ، موٹر سائیکل سوار میاں، بیوی اور بچہ جاں بحق
کراچی(بولونیوز)شہر قائد میں ہیوی ٹریفک ایک اور خاندان کی جان لے گئی۔ جیکسن کے علاقے میں نیٹی جیٹی پل پر تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوار خاندان کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں میاں، بیوی اور ان کا کمسن بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب موٹر سائیکل سوار خاندان کیماڑی کی جانب جا رہا تھا کہ اچانک پیچھے سے آنے والے تیز رفتار ٹرک نے انہیں روند ڈالا۔ چشم دید گواہوں کے مطابق حادثہ انتہائی شدید تھا جس کے باعث سڑک پر موجود افراد خوف و ہراس کا شکار ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ادارے موقع پر پہنچ گئے اور لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق حادثے کے بعد ٹرک کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، جس کی تلاش کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
شہریوں نے شہر میں ہیوی ٹریفک کے بے قابو نظام پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن ہو سکے۔


