پنجاب کے لاکھوں افراد سائبر فراڈ کا شکار، آن لائن کمائی ایپلیکیشن غائب
لاہور(بولونیوز)پنجاب بھر میں لاکھوں شہری سائبر فراڈ کا شکار ہو گئے، جہاں آن لائن کمائی کے دعوے کرنے والی “تھامس” نامی ایپلیکیشن شہریوں کے لاکھوں روپے لوٹ کر اچانک غائب ہو گئی۔
متاثرہ شہریوں کے مطابق مذکورہ ایپ کے ذریعے آسان کمائی کا جھانسہ دے کر لوگوں سے سرمایہ کاری کروائی گئی، تاہم کچھ ہی عرصے بعد ایپ بند ہو گئی اور صارفین اپنی رقم سے محروم ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ متاثر ہونے والوں میں ملتان، خانیوال، میاں چنوں، ساہیوال، گوجرنوالہ، اوکاڑہ، سیالکوٹ، گجرات، فاروق آباد، شیخوپورہ، سرگودھا اور فیصل آباد شامل ہیں، جہاں بڑی تعداد میں شہری اس فراڈ کا نشانہ بنے۔
متاثرین نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ادارے فوری کارروائی کرتے ہوئے ذمہ دار عناصر کو گرفتار کریں اور شہریوں کی لوٹی گئی رقم واپس دلانے کے اقدامات کریں۔
نوٹ: عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ کبھی بھی لالچ میں آ کر ایسی نامعلوم آن لائن کمائی ایپلیکیشنز پر یقین نہ کریں اور سرمایہ کاری سے قبل مکمل تحقیق ضرور کریں۔


