بلوچستان سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیاں، 17 دہشت گرد ہلاک
راولپنڈی(بولونیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کی گئی کارروائیوں کے دوران 17 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق 24 مئی کے ٹرین حادثے کے بعد سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشنز کیے۔ یہ کارروائیاں مستونگ، نوشکی، زہری، خضدار اور کیچ میں شروع کیے گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 17 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز ملک میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں، جبکہ علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز کا سلسلہ بھی جاری ہے۔


