شاہ فیصل کالونی: صاف پانی کی عدم فراہمی کے خلاف عدالت میں درخواست

کراچی(بولونیوز)چیئرمین یوسی 3 گرین ٹاؤن سمیت تین شہریوں نے شاہ فیصل کالونی میں صاف پانی کی عدم فراہمی کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔

درخواست گزاروں کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے مطابق پچاس سال پرانی بوسیدہ لائنوں میں ٹوٹ پھوٹ کے باعث سیویج کا گندا پانی پائپ لائنوں میں شامل ہو رہا ہے، اور مختلف علاقوں میں گندا پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ گندے پانی کی وجہ سے علاقے میں پیٹ کی بیماریاں اور جلدی امراض پھیل رہے ہیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کا صاف پانی اور صحت مند ماحول حاصل کرنا بنیادی حق ہے، اور آئین کے تحت یہ سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ واٹر کارپوریشن اور محکمہ بلدیات کو متعدد بار درخواستیں دینے کے باوجود مسئلہ حل نہیں ہوا، اور بوسیدہ لائنیں سالانہ ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کے باوجود تبدیل نہیں کی جا رہی ہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ واٹر کارپوریشن علاقے کی تمام بوسیدہ لائنیں تبدیل کرے، صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائے، منظور شدہ اسکیمیں فوری طور پر شروع کی جائیں، اور مختص بجٹ اور غیر استعمال شدہ فنڈز کی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔

درخواست میں سیکریٹری بلدیات، میئر کراچی، سی ای او واٹر کارپوریشن اور دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *