کراچی پورے پاکستان میں نمبر ون، یونیورسٹی روڈ جولائی کے آخر تک کھول دی جائے گی: شرجیل میمن
کراچی(بولونیوز)سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت بہترین کام کر رہی ہے اور کراچی پورے پاکستان میں نمبر ون شہر ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) دن رات ترقیاتی کاموں میں مصروف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی روڈ پر جاری تعمیراتی کام کے باعث عوام کو درپیش مشکلات جولائی کے آخر تک ختم ہو جائیں گی۔
وزیر اطلاعات سندھ کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر مکس ٹریفک لین بھی جولائی کے اختتام تک کھول دی جائے گی، جس سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور شہریوں کو نمایاں ریلیف ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کراچی میں انفرااسٹرکچر کی بہتری اور عوامی سہولت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جا رہا ہے۔


