یوسف پلازہ تھانے کے اہلکاروں کی بریانی مانگنے کی فوٹیج منظر عام پر، تحقیقات شروع
کراچی(بولونیوز)کراچی کے علاقے یوسف پلازہ تھانہ کے اہلکاروں کی مبینہ طور پر دکاندار سے بریانی مانگنے کی فوٹیج منظر عام پر آنے کے بعد معاملہ زیرِ بحث آ گیا ہے۔
فوٹیج میں مبینہ طور پر ایک پولیس اہلکار دکاندار سے کہتا ہے کہ ہیڈ محرر اور ایس ایچ او کا کھانا کون دے گا، یہ علاقہ والوں کو ہی دینا ہوگا۔ اس پر دکاندار نے سوال اٹھایا کہ وہ کھانا کیوں دیں گے اور کہا کہ پہلے بھی ایک شخص عباس صاحب کھانا لے کر جاتے رہے ہیں۔
ویڈیو میں اہلکار یہ بھی پوچھتا ہے کہ یہاں سے کون کھانا لے کر گیا ہے اور ہیڈ محرر سے بات کروانے کا کہتا ہے، جبکہ دکاندار کا کہنا تھا کہ جو لے کر گیا وہ چلا گیا، اب وہ کسی سے بات نہیں کریں گے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، اور جو بھی اہلکار ملوث پایا گیا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔


