کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے 72 افراد گرفتار، مختلف شہروں میں حالات کشیدہ
مظفرآباد(بولونیوز)آزاد جموں و کشمیر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سے تعلق رکھنے والے 72 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان انسپکٹر جنرل پولیس کے مطابق گرفتار افراد کے قبضے سے اسلحہ، مواصلاتی آلات اور مشتبہ دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بعض عناصر عوامی مسائل کے نام پر امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم ریاست میں کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب کالعدم تنظیم کی 9 جون کو ہڑتال کی کال کے باعث مختلف علاقوں میں معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں جبکہ مظفرآباد، باغ اور میرپور میں امن و امان کے پیش نظر فلیگ مارچ بھی کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق سیکیورٹی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔


