گلگت بلتستان کے انتخابات پر بھارتی بیانات مسترد، دفتر خارجہ کا سخت ردعمل
اسلام آباد(بولونیوز)دفتر خارجہ پاکستان نے گلگت بلتستان میں آنے والے انتخابات کے حوالے سے بھارت کے بے بنیاد ریمارکس کو واضح اور دو ٹوک الفاظ میں مسترد کر دیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جعلی بیانیے اور پروپیگنڈے کو پھیلانے والے عالمی رہنما کے طور پر بھارت کے یہ عجیب و غریب دعوے دراصل حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کے ایسے بیانات کی کوئی قانونی یا اخلاقی حیثیت نہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہیں اور عوام کو آئینی و جمہوری حق حاصل ہے کہ وہ آزادانہ اور شفاف انداز میں اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں۔ بھارت کو چاہیے کہ وہ ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے کے بجائے بین الاقوامی قوانین اور سفارتی آداب کا احترام کرے۔
دفتر خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے تمام علاقوں میں جمہوری عمل کو مضبوط بنانے اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔


