2 بڑی ایٹمی طاقتوں کےدرمیان ہتھیاروں کی روک تھام،معاہدہ آج ختم ہو رہا ہے
واشنگٹن(بولونیوز)دنیا کی دو بڑی ایٹمی طاقتوں روس اور امریکا کے درمیان ہتھیاروں کی روک تھام کا بڑا معاہدہ آج ختم ہو رہا ہے۔
دنیا کی دو بڑی ایٹمی طاقتوں روس اور امریکا کے درمیان ہتھیاروں کی روک تھام کا آخری بڑا معاہدہ نیو اسٹارٹ آج ختم ہو جائے گا۔ اقوامِ متحدہ نے دونون ممالک سے نئے جوہری معاہدے پر دستخط کرنے پر زور دیا ہے۔
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے امریکا اور روس پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جلد سے جلد ایک نئے جوہری معاہدے پر دستخط کر لیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ معاہدہ ایسے وقت میں ختم ہو رہا ہے جسے بین الاقوامی امن و سلامتی کیلیے نہایت تشویش ناک کہا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کہتے ہیں کہ چین کی شمولیت کے بغیر کوئی بھی اسلحہ کنٹرول فریم ورک ادھورا ہے۔
واضح رہے کہ نیو اسٹارٹ سرد جنگ کے بعد امریکا اور روس کے درمیان جوہری اسلحہ کنٹرول کے سلسلے کی آخری کڑی ہے۔ معاہدہ ختم ہونے کی صورت میں نصف صدی بعد دونوں طاقتیں ایٹمی پابندیوں سے آزاد ہو جائیں گی۔
دونوں ملکوں کے پاس دنیا کے 87 فیصد ایٹمی ہتھیار ہیں۔ چین بھی 2030 تک اپنے وار ہیڈز کی تعداد 1000 تک لے جانے کی تیاری کر رہا ہے۔


