امریکی سفیرکا دعویٰ، صدرٹرمپ ایرانی سپریم لیڈر کو قتل کرنے کی کوشش کریں گے

واشنگٹن(بولونیوز)اسرائیل کے لیے سابق امریکی سفیر ڈان شپیرو نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ ہفتوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو قتل کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔

اسرائیلی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک انٹرویو میں ڈان شپیرو کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کی پالیسیوں اور حالیہ بیانات کو دیکھتے ہوئے یہ امکان موجود ہے کہ وہ ایران کی اعلیٰ قیادت کو نشانہ بنانے کی کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آیت اللہ خامنہ ای اس وقت 86 برس کے ہو چکے ہیں اور بیمار بھی ہیں، لہٰذا ایران کو ایک نئی قیادت کی ضرورت ہے۔

سابق امریکی سفیر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران میں تشدد، مظاہروں اور قتل و غارت گری کے واقعات میں امریکی صدر براہِ راست ملوث ہیں۔

ڈان شپیرو نے مزید کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی ایک نازک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور آنے والے دن خطے کے لیے انتہائی اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ڈان شپیرو سابق امریکی صدر باراک اوبامہ کے دورِ صدارت میں اسرائیل میں امریکی سفیر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *