گل پلازہ کی آگ 33 گھنٹے بعد مکمل طور پر بجھا دی گئی، 14 افراد جاں بحق، 54 لاپتہ
کراچی(بولونیوز) ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں لگی خوفناک آگ 33 گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد مکمل طور پر بجھا دی گئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران مزید 8 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہو گئی ہے، جبکہ 22 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ تاحال 54 افراد لاپتہ ہیں۔
حکام کے مطابق گل پلازہ میں آگ ہفتے کی رات تقریباً سوا 10 بجے گراؤنڈ فلور پر لگی، جو دیکھتے ہی دیکھتے تیسری منزل تک پھیل گئی۔ شدید آتشزدگی کے باعث عمارت کے کئی حصے منہدم ہو گئے، جس سے ریسکیو آپریشن کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
فائر بریگیڈ نے 33 گھنٹے بعد آگ پر مکمل قابو پالیا، جس کے بعد کولنگ کا عمل جاری ہے۔ آگ پر قابو پانے کے بعد فائر فائٹرز پلازہ کے اندر داخل ہوئے اور جلی ہوئی دکانوں میں محدود پیمانے پر سرچ آپریشن کیا گیا۔ اس دوران ایک بچے سمیت 3 افراد کے اعضا ملے، جنہیں سول اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد متاثرہ خاندانوں کے افراد ہفتے کی رات سے عمارت کے باہر اپنے پیاروں کی راہ تک رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اہلِ خانہ سے لاپتہ افراد کے موبائل نمبرز حاصل کر لیے گئے ہیں اور 20 سے زائد افراد کی آخری لوکیشن گل پلازہ کی ہی سامنے آئی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق پلازہ کی تیسری منزل پر کسی شخص کے پھنسے ہونے کے امکان پر خصوصی ریسکیو آپریشن کیا گیا، تاہم کوئی شخص نہیں ملا۔ کٹر اور ہتھوڑوں کی مدد سے کھڑکیوں اور دیواروں کو توڑا جا رہا ہے تاکہ مزید تلاشی لی جا سکے۔
ریسکیو حکام نے خبردار کیا ہے کہ آگ کے باعث عمارت کے پلرز کمزور ہو چکے ہیں اور متعدد دراڑیں پڑ گئی ہیں۔ عمارت انتہائی پرانی ہونے کے باعث کسی بھی وقت گرنے کا خدشہ ہے، جس کے پیشِ نظر ریسکیو ٹیمیں انتہائی احتیاط کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔


