ملک میں گدھوں اور خچروں کی تعداد میں اضافہ
اسلام آباد(بولونیوز)ملک میں گدھوں اور خچروں سمیت مویشیوں کی تعداد میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ادارہ شماریات پاکستان کی تازہ دستاویزات کے مطابق ایک سال کے دوران گدھوں کی تعداد میں ایک لاکھ 13 ہزار کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد ملک میں گدھوں کی مجموعی تعداد 60 لاکھ 47 ہزار سے بڑھ کر 61 لاکھ 60 ہزار ہو گئی ہے۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ ایک سال کے دوران بھینسوں کی تعداد میں 14 لاکھ 17 ہزار کا اضافہ ہوا، جس کے بعد بھینسوں کی تعداد 4 کروڑ 76 لاکھ 88 ہزار سے بڑھ کر 4 کروڑ 91 لاکھ 5 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
اسی عرصے میں بھیڑوں کی تعداد میں 3 لاکھ 92 ہزار، بکریوں کی تعداد میں 24 لاکھ 22 ہزار اور اونٹوں کی تعداد میں 16 ہزار کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق ایک سال کے دوران گھوڑوں کی تعداد میں 3 ہزار جبکہ خچروں کی تعداد میں 4 ہزار کا اضافہ ہوا ہے۔


