شدید آندھی اور طوفان نے تباہی مچا دی، مختلف واقعات میں 24 افراد زخمی

بنوں(بولونیوز)خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں شدید آندھی اور طوفان نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔ شہر اور گردونواح کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے باعث دیواریں اور چھتیں گرنے کے متعدد واقعات پیش آئے، جن کے نتیجے میں کم از کم 24 افراد زخمی ہو گئے۔

عینی شاہدین کے مطابق آندھی اتنی شدید تھی کہ کئی مقامات پر بجلی کے کھمبے اور درخت بھی اکھڑ گئے، جبکہ مکانات اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی ٹیمیں فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئیں، جہاں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

انتظامیہ کے مطابق نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *