ڈیجیٹل جنگ جاری، نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جمال رئیسانی
کوئٹہ(بولونیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال رئیسانی نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف ایک خاموش اور منظم جنگ جاری ہے، جس میں بارود کے بجائے نوجوانوں کے ذہنوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
کوئٹہ میں صوبائی وزراء علی مدد جتک اور عاصم کرد گیلو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کی جنگ بڑی حد تک ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا پر منتقل ہو چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مختلف عناصر موبائل ایپلیکیشنز اور آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے رابطے، منصوبہ بندی اور نوجوانوں کی بھرتی کی کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا مہمات اور ٹرینڈز کے ذریعے بھی نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
جمال رئیسانی نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ اداروں کو ان سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنی چاہیے، جبکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں اور ترقی کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ وہ شدت پسندی یا منفی راستوں کی طرف نہ جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے نام پر علیحدگی پسند سیاست کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ہر قسم کی گمراہ کن مہمات کا مقابلہ کیا جائے گا۔


