آئی ایم ایف کے قرضے کے خلاف سول نظرثانی درخواست خارج
لاہور(بولونیوز)لاہور ہائیکورٹ نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے قرضے کے خلاف دائر سول نظرثانی درخواست خارج کر دی ہے۔یہ فیصلہ جسٹس عاصم حفیظ نے ایڈووکیٹ طالب حسین میکن کی درخواست پر جاری کیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ قرض کا انتظام پاکستان کی حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان ہوتا ہے، اور اس میں کسی بھی شہری پر انفرادی طور پر قرض کی واپسی کی ذمہ داری عائد نہیں کی جاتی۔ فیصلے میں مزید کہا گیا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے کسی شہری سے براہ راست قرض کی واپسی کا مطالبہ نہیں کیا گیا۔
عدالت کے مطابق درخواست گزار نے پہلے ہی دائر مقدمات اور اپیلوں میں ناکامی کے بعد سول نظرثانی دائر کی تھی، جس میں کوئی نیا قانونی نکتہ پیش نہیں کیا گیا۔
فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ مقدمہ زیادہ تر سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی معلومات کی بنیاد پر دائر کیا گیا تھا، جبکہ قانون کے مطابق ایسا دعویٰ قابلِ سماعت نہیں بنتا۔
عدالت نے قرار دیا کہ ماتحت عدالتوں کے فیصلوں میں کوئی غیر قانونی پہلو ثابت نہیں ہوا، لہٰذا نظرثانی درخواست کو مسترد کیا جاتا ہے۔


