توانائی بچت مہم، وزیراعظم نے نئے کاروباری اوقات کی منظوری دے دی

اسلام آباد(بولونیوز)توانائی بچت مہم کے تحت وزیراعظم نے ملک بھر میں کاروباری اوقاتِ کار میں تبدیلی کی منظوری دے دی ہے۔کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند کیے جائیں گے، جبکہ شادی ہالز اور دیگر کمرشل تقریبات رات 10 بجے تک جاری رہ سکیں گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق ریسٹورنٹس، ہوٹلز اور سبزی فروخت کرنے والی دکانوں کو رات 11 بجے تک کاروبار بند کرنا لازمی ہوگا۔

حکومتی فیصلے کے مطابق بعض شعبوں کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا، جن میں میڈیکل اسٹورز، آئی ٹی کمپنیاں، تندور، جمز اور فیول سٹیشنز شامل ہیں، جو معمول کے مطابق اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گے۔

کابینہ ڈویژن نے صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ نئے اوقات کار پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

ادھر پنجاب حکومت نے بھی وفاقی پالیسی کے تحت صوبے بھر میں یہی اوقات نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد توانائی کی بچت اور بجلی کے استعمال میں کمی لانا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *