تھانوں میں نیا بایومیٹرک نظام نافذ، بغیر تصدیق انٹری پر پابندی
اسلام آباد(بولونیوز) ملک بھر کے تھانوں میں جدید بایومیٹرک ویریفیکیشن سسٹم کے تحت بڑا اصلاحاتی اقدام متعارف کروا دیا گیا ہے، جس کے مطابق اب بغیر تصدیق کسی بھی شخص کی پولیس ریکارڈ میں انٹری ممکن نہیں ہوگی۔
نئے نظام کے تحت نہ کوئی مدعی، نہ کوئی ملزم اور نہ ہی کوئی گواہ بایومیٹرک تصدیق کے بغیر ریکارڈ میں شامل کیا جا سکے گا۔ حکام کے مطابق انگوٹھے یا شناختی تصدیق کے بغیر کسی کیس میں اندراج نہیں ہوگا۔
پولیس ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد جعلی ناموں، فرضی گواہوں اور من گھڑت ایف آئی آرز کے اندراج کو روکنا اور پورے نظام کو شفاف اور قابلِ ٹریس بنانا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تمام تھانوں میں اس نظام کو 7 دن کے اندر فعال کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ افسران کو اس پر عملدرآمد کی رپورٹ بھی مقررہ مدت میں جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس نظام کے مکمل نفاذ سے پولیس ریکارڈنگ کے طریقہ کار میں اہم تبدیلی آئے گی اور تفتیشی نظام کو مزید جدید اور مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔


