خوفناک آتشزدگی، غیر ملکیوں سمیت 21 افراد ہلاک
نئی دلی(بولونیوز)بھارت کے دارالحکومت نئی دلی میں ایک عمارت میں لگنے والی خوفناک آگ کے نتیجے میں غیر ملکیوں سمیت 21 افراد ہلاک ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ بدھ کے روز نئی دلی میں ایک کثیر منزلہ عمارت میں قائم ریسٹورنٹ میں اچانک آتشزدگی بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حادثے کے وقت عمارت میں بڑی تعداد میں افراد موجود تھے۔
رپورٹس کے مطابق واقعے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ آتشزدگی مالویہ نگر کے علاقے میں پیش آئی، جہاں واقع کثیر منزلہ عمارت میں ریسٹورنٹ مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گیا۔
پولیس اور ریسکیو اداروں نے آگ پر قابو پا لیا ہے جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ عمارت میں حفاظتی انتظامات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔


