ایران صورتحال پر وائٹ ہاؤس میں اہم اجلاس، ٹرمپ کا اعلیٰ سطحی رابطوں کا دعویٰ
واشنگٹن(بولونیوز)واشنگٹن میں ایران کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے وائٹ ہاؤس کے سچویشن روم میں ایک اہم اور اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کی۔
اجلاس میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو، وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ، وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ، وائٹ ہاؤس چیف آف اسٹاف سوزی وائلز، صدر کے نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف، سی آئی اے ڈائریکٹر جان ریٹکلف اور جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل ڈین کین نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران صدر ٹرمپ نے کم از کم ایک مرتبہ پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایرانی حکام سے فون پر رابطہ کیا، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور ممکنہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں آبنائے ہرمز کی تازہ صورتحال، ایران کے ساتھ جاری مذاکرات اور آئندہ سفارتی اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔نائب صدر جے ڈی وینس، جو اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ مذاکرات میں امریکی وفد کی قیادت کر چکے ہیں، آئندہ ممکنہ مذاکرات کی قیادت بھی کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کی 15 روزہ مدت ختم ہونے میں صرف تین روز باقی رہ گئے ہیں۔ صدر ٹرمپ پہلے ہی اس ہفتے کسی ممکنہ معاہدے کی امید ظاہر کر چکے ہیں، تاہم نئی مذاکراتی تاریخ کا باضابطہ اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔
ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار نے خبردار کیا ہے کہ اگر مذاکرات میں پیش رفت نہ ہوئی تو آئندہ دنوں میں کشیدگی میں اضافہ اور ممکنہ طور پر جنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس اجلاس سے متعلق کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔


