امریکی ناکہ بندی کی خلاف ورزی پر ایرانی جہاز قبضے میں لینے کا دعویٰ، ٹرمپ
واشنگٹن(بولونیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج نے ایک ایرانی جہاز کو آبنائے ہرمز کے قریب روکتے ہوئے قبضے میں لے لیا ہے۔صدر ٹرمپ کے مطابق یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب جہاز مبینہ طور پر امریکی ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی کوشش کر رہا تھا۔
امریکی صدر نے بتایا کہ قبضے میں لیا گیا ایرانی پرچم بردار مال بردار جہاز “توشکا” تقریباً 900 فٹ لمبا تھا۔ ان کے مطابق یہ کارروائی خلیج عمان میں امریکی بحریہ کے گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر کے ذریعے کی گئی۔
ٹرمپ کے مطابق جہاز کو رکنے کی وارننگ دی گئی تھی تاہم ایرانی عملے نے حکم ماننے سے انکار کیا، جس کے بعد امریکی بحریہ نے کارروائی کرتے ہوئے جہاز کے انجن روم کو نقصان پہنچا کر اسے روک دیا۔
امریکی صدر نے کہا کہ جہاز کو اب امریکی میرینز کے قبضے میں لے لیا گیا ہے اور اس کی تلاشی جاری ہے تاکہ اس کے مشمولات کا جائزہ لیا جا سکے۔
تاہم اس واقعے پر ایرانی حکومت کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔


