امریکا نے بھارت کو روسی تیل کی خریداری پر دی گئی رعایت ختم کر دی
واشنگٹن(بولونیوز)امریکا نے بھارت کو روس سے تیل خریدنے کے لیے دی گئی پابندیوں میں عارضی رعایت ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔بھارتی جریدے کے مطابق امریکی رعایت کے خاتمے کے باوجود بھارتی ریفائنریوں کی جانب سے روسی تیل کے تقریباً 3 کروڑ بیرل کے آرڈرز پہلے ہی دیے جا چکے ہیں۔
امریکی وزیرِ خزانہ کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے 11 مارچ سے قبل خریدے گئے رعایتی تیل کے سودوں کی مقررہ مدت اب ختم ہو چکی ہے، جس کے بعد نئی رعایت کا اطلاق نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ امریکا نے بھارت کو روس سے تیل خریدنے کے لیے ایک ماہ کی عارضی اجازت دی تھی۔ امریکی حکام کے مطابق بھارت کو روس کے ساتھ نئے سودے کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، تاہم وہ پہلے سے سمندر میں موجود تیل کی کھیپ خرید سکتا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اس فیصلے کے بعد بھارت کی توانائی حکمتِ عملی اور عالمی منڈی پر اس کے اثرات پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔


