نقل کرنے والا طالب علم کبھی بورڈ امتحان نہیں دے سکے گا، سندھ حکومت کا سخت کارروائی کا فیصلہ
کراچی(بولونیوز)سندھ حکومت نے میٹرک اور انٹر کے امتحانات میں نقل کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کر دی ہے۔اس حوالے سے وزیر جامعات اسماعیل راہو اور وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ نے مشترکہ بیان جاری کیا۔
صوبائی وزرا کے مطابق بورڈ امتحانات میں نقل کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ پالیسی کے تحت نقل کرنے والا طالب علم آئندہ کبھی بھی بورڈ امتحان دینے کا اہل نہیں رہے گا جبکہ نقل میں ملوث طلبہ کے تمام پرچے منسوخ کر دیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نقل میں سہولت کاری کرنے والا عملہ بھی سخت کارروائی کی زد میں آئے گا۔ امتحانی عمل کے دوران اگر انویجیلیٹر، انٹرنل، ایکسٹرنل یا کوئی بھی انتظامی افسر نقل میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی اور ملازمت سے برطرفی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ شفاف امتحانی نظام کو یقینی بنانے کے لیے یہ اقدامات ناگزیر ہیں اور کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔


