ایف آئی اے کا ملک بھر میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(بولونیوز) وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے ملک بھر میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے لیے باضابطہ حکم نامہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ایف آئی اے کی جانب سے تمام ایڈیشنل ڈی جیز اور زونل ڈائریکٹرز کو ایف اے ٹی ایف ڈیسک کے قیام سے متعلق احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ ان ڈیسکوں کے ذریعے ایف اے ٹی ایف کی جانب سے پاکستان کو دیے گئے چھ مختلف ٹاسکس سے متعلق ایکشنز کی تفصیلات جمع کی جائیں گی۔
ایف آئی اے کے مطابق یہ تفصیلات رواں سال کی آخری سہ ماہی میں متوقع ایف اے ٹی ایف کی باہمی ایوالویشن کے دوران پیش کی جائیں گی۔ ڈی جی ایف آئی اے نے تمام ونگز اور زونز کو ہدایت دی ہے کہ ایف اے ٹی ایف کے دیے گئے ٹاسکس پر مکمل اور بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نامزد فوکل پرسن کے ذریعے جاری احکامات پر سات روز کے اندر عملدرآمد مکمل کیا جائے اور اس کی رپورٹ ڈی جی ایف آئی اے کو پیش کی جائے۔ مزید برآں، ایف اے ٹی ایف ڈیسک کے لیے سات ٹی او آرز پر مشتمل پروفارما بھی احکامات کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔
ذرائع ہیلپ لائن (786) نیوز کے مطابق ایف اے ٹی ایف کے طے کردہ ٹاسکس پر ایف آئی اے کے ساتھ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی لازمی عملدرآمد کرنا ہوگا۔


