گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 نشستوں پر انتخابات آج، سکیورٹی کے سخت انتظامات

گلگت(بولونیوز)گلگت بلتستان میں 10 اضلاع کی 24 نشستوں پر جنرل الیکشن آج منعقد ہو رہے ہیں۔ ان انتخابات میں مجموعی طور پر 396 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں آٹھ خواتین امیدوار بھی شامل ہیں۔

انتخابات کو پُرامن بنانے کے لیے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ گلگت بلتستان پولیس کے سربراہ اکبر ناصر خان کے مطابق امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تقریباً 17 ہزار اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ ان میں پنجاب اور سندھ پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز اور ایف سی کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

وفاق میں برسراقتدار پاکستان مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنماؤں نے اپنے امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم چلائی۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی انتخابی جلسوں سے خطاب کیا۔

دوسری جانب اپوزیشن کی بڑی جماعت پاکستان تحریک انصاف کو ان انتخابات میں بطور جماعت حصہ لینے کی اجازت نہیں دی گئی۔ تحریک انصاف کا الزام ہے کہ پارٹی چیئرمین سلمان اکرم راجہ سمیت متعدد سینیئر رہنماؤں کو امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم کے لیے گلگت بلتستان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی، جبکہ جو رہنما وہاں پہنچنے میں کامیاب ہوئے انہیں بعد ازاں علاقہ بدر کر دیا گیا۔

انتخابات کے نتائج کا انتظار کیا جا رہا ہے، جو خطے کی آئندہ سیاسی صورتِ حال کا تعین کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *