پنجاب پراپرٹی اونر شپ ترمیمی ایکٹ: 36 اضلاع میں ٹربیونلز قائم، 575 کیسز ٹربیونلز کو منتقل
لاہور(بولونیوز)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے پنجاب پراپرٹی اونر شپ ترمیمی ایکٹ کے تحت صوبے کے 36 اضلاع میں ایڈیشنل سیشن ججز کو بطور ٹربیونلز مقرر کردیا ہے۔
عدالتی ذرائع کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے نامزد ججز کی فہرست پنجاب حکومت کو ارسال کردی ہے، جبکہ مجموعی طور پر 575 کیسز میں حکمِ امتناعی ختم کرتے ہوئے تمام مقدمات متعلقہ ٹربیونلز کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں ایڈیشنل سیشن جج سیف اللہ سوہل، قصور میں محمد اشفاق، اٹک میں ندیم احمد سہیل چیمہ، بہاولنگر میں محمد صلابت جاوید، بہاولپور میں ساحر اسلام، بھکر میں محمد اعظم جاوید، چنیوٹ میں نعیم عباس، چکوال میں قاسم علی بھٹی، ڈیرہ غازی خان میں سرفراز حسین، فیصل آباد میں عمران شفیع خان اور گوجرانوالہ میں محمد فرحان نبی کو ٹربیونل مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح گجرات، حافظ آباد، جھنگ، جہلم، خانیوال، خوشاب، لودھراں، لیہ، منڈی بہاؤالدین، میانوالی اور ملتان سمیت دیگر اضلاع میں بھی ایڈیشنل سیشن ججز کو ٹربیونلز کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
عدالتی حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد پراپرٹی سے متعلق تنازعات کے کیسز کو جلد نمٹانا اور عدالتی نظام کو مؤثر بنانا ہے۔


