قذافی اسٹیڈیم میں پاک–آسٹریلیا ون ڈے میچ، سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات مکمل

لاہور(بولونیوز) قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے میچ کے انعقاد کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ میچ کے پیشِ نظر لاہور پولیس نے ڈیوٹیاں سنبھال لیں اور شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران خود فیلڈ میں متحرک ہیں اور سکیورٹی انتظامات کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز بھی ان کے ہمراہ رہے، جنہوں نے مختلف سکیورٹی پوائنٹس کا دورہ کیا اور ڈیوٹی پر مامور افسران و اہلکاروں سے ملاقات کی۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے ٹیموں کی سکیورٹی پر تعینات افسران و جوانوں کو خصوصی بریفنگ دیتے ہوئے ہدایت کی کہ الرٹ رہیں اور ڈیوٹی میں کسی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کے مطابق چار درجاتی حصار پر مشتمل فول پروف سکیورٹی پلان پر من و عن عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق مجموعی طور پر 6 ہزار 275 پولیس افسران و جوان سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ اسٹیڈیم، ٹیم ہوٹلز اور مقررہ روٹس پر سخت سکیورٹی حصار قائم کیا گیا ہے جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر ملٹی لیئر سکیورٹی اور مؤثر چیکنگ کا نظام نافذ ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ ٹیموں کی آمد و رفت کے لیے خصوصی سکیورٹی روٹس مقرر کیے گئے ہیں، سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے اور کنٹرول روم سے لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی جا رہی ہے۔ حساس مقامات پر سنائپرز تعینات ہیں جبکہ بلند عمارتوں کی نگرانی کے لیے خصوصی پلان بھی تشکیل دیا گیا ہے۔

آخر میں ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں سے اپیل کی کہ سکیورٹی اداروں سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور پولیس پرامن اور محفوظ میچ کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *