پتنگوں کی بڑی ترسیل ناکام، بین الاضلاعی پتنگ ڈیلر گرفتار

لاہور(بولونیوز) لاہور پولیس نے پتنگ بازی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بڑی کامیابی حاصل کر لی۔ تھانہ مناواں کے ایس آئی سنی بشیر نے پولیس ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر دورانِ پٹرولنگ بین الاضلاعی پتنگ ڈیلر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نوید اقبال کو مومن پورہ روڈ کے قریب اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ پتنگوں اور ڈور کی سپلائی دے رہا تھا۔ اس کارروائی میں ملزم کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی 400 سے زائد پتنگیں اور 9 قاتل کیمیکل ڈور کی چرخیاں برآمد کی گئیں۔

ایس پی کینٹ اختر نواز کے مطابق ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ وہ علاقہ غیر سے آن لائن پتنگیں اور ڈور منگوا کر مختلف اضلاع میں سپلائی کرتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔

ایس پی کینٹ نے مزید کہا کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انوسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ کامیاب کارروائی پر ایس آئی سنی بشیر اور پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

اختر نواز کا کہنا تھا کہ پتنگ فروشوں، پتنگ سازوں اور پتنگ بازوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری رہے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *