سکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، خارجی سرغنہ سمیت 23 دہشت گرد ہلاک
خیبرپختونخوا(بولونیوز)خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے خارجی سرغنہ سمیت 23 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں میں بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 23 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ہلاک ہونے والوں میں ایک اہم خارجی سرغنہ بھی شامل ہے۔
بیان کے مطابق ہلاک ہونے والے سرغنہ کی شناخت جان میر عرف طور ثاقب کے نام سے ہوئی ہے جو سکیورٹی فورسز کو انتہائی مطلوب تھا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔


