آئندہ 3 روز موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان، سندھ میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری
کراچی(بولونیوز)آئندہ تین روز کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات پاکستان کے مطابق شہرِ قائد کا زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت آج 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ ہفتے اور اتوار کو درجۂ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے سندھ بھر میں شدید گرمی کی لہر کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 25 مئی سے بالائی فضا میں ہائی پریشر سسٹم بننے کے باعث صوبے کے بیشتر اضلاع شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 25 سے 31 مئی کے دوران سندھ کے مختلف علاقوں میں درجۂ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض شہروں میں پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔


