بغیر اجازت نئی یونیورسٹی یا سب کیمپس کے قیام پر فوری پابندی عائد

اسلام آباد(بولونیوز)ملک بھر میں بغیر اجازت نئی یونیورسٹی یا سب کیمپس کے قیام پر فوری پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے اس حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے تمام جامعات کے وائس چانسلرز اور سربراہان کو باضابطہ خط جاری کر دیا ہے۔ خط میں واضح کیا گیا ہے کہ آئندہ کسی بھی نئی یونیورسٹی یا ذیلی کیمپس کے قیام کے لیے باقاعدہ اجازت اور اسکرونٹی لازمی ہوگی۔

ایچ ای سی کے مطابق بغیر منظوری کے کوئی بھی تعلیمی ادارہ نہ قائم کیا جا سکے گا اور نہ ہی ایسے اداروں کی ڈگریوں کی تصدیق کی جائے گی۔

کمیشن نے تمام جامعات کو ہدایت دی ہے کہ وہ نئی بھرتیوں، تعمیراتی کاموں اور ذیلی کیمپس کے قیام سے متعلق تمام سرگرمیاں فوری طور پر روک دیں۔ اسی طرح زمین کے حصول کے عمل پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ایچ ای سی نے اپنے فیصلے میں غیر معیاری تعلیم، اساتذہ کی کمی اور کمزور انفراسٹرکچر کو بڑی وجوہات قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحصیل سطح کے کیمپسز میں معیارِ تعلیم بہتر نہیں رہا۔

حکام کے مطابق خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ کیمپس اور تعلیمی پروگرامز کی منظوری معطل کی جا سکتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *