آبنائے ہرمز، کشیدگی میں اضافہ، ایرانی گن بوٹس کی فائرنگ کا دعویٰ
تہران(بولونیوز)بین الاقوامی سمندری صورتحال میں کشیدگی کے دوران آبنائے ہرمز کے قریب فائرنگ کے واقعے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔بین الاقوامی میری ٹائم سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایران کی پاسدارانِ انقلاب سے منسلک مبینہ دو گن بوٹس نے ایک آئل ٹینکر پر فائرنگ کی۔
برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق یہ واقعہ آبنائے ہرمز کے عمان کے شمال مشرق میں تقریباً 20 ناٹیکل میل کے فاصلے پر پیش آیا۔ تاہم آئل ٹینکر اور اس کا عملہ محفوظ رہا اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
دوسری جانب شپنگ مانیٹرنگ گروپ “ٹینکر ٹریکرز” نے دعویٰ کیا ہے کہ دو بحری جہازوں کو نشانہ بنایا گیا، جن میں ایک بھارتی پرچم بردار سپر ٹینکر بھی شامل تھا، جسے مبینہ طور پر واپس جانے پر مجبور کیا گیا۔
ایک بڑے خام تیل بردار جہاز، جو تقریباً 20 لاکھ بیرل عراقی تیل لے جا رہا تھا، کو بھی اس واقعے کے دوران متاثر کیا گیا۔ذرائع کے مطابق واقعے کے دوران وارننگ کے طور پر فائرنگ کی گئی، تاہم تاحال ایران کی جانب سے اس واقعے کی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔
سمندری ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز میں اس نوعیت کے واقعات عالمی توانائی ترسیل پر اثرات مرتب کر سکتے ہیں، کیونکہ یہ دنیا کی اہم ترین تیل ترسیلی گزرگاہوں میں سے ایک ہے۔


