یورپ میں پروازیں متاثر ہونے کا خدشہ، جیٹ فیول بحران پر خطرے کی گھنٹی بج گئی

یورپ(بولونیوز)سربراہ عالمی توانائی ایجنسی فاتح بیرول نے یورپ میں جیٹ فیول کے ذخائر سے متعلق سنگین خدشات کا اظہار کرتے ہوئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

عالمی توانائی ایجنسی کے مطابق یورپ کے پاس اس وقت صرف 6 ہفتوں کا جیٹ فیول موجود ہے، اور اگر ایران سے جاری کشیدگی کے باعث تیل کی سپلائی متاثر ہوئی تو یورپ بھر میں فضائی پروازیں شدید متاثر ہو سکتی ہیں۔

فاتح بیرول کا کہنا تھا کہ دنیا تیل کے ایک بدترین بحران کی طرف بڑھ رہی ہے، جس کے نتیجے میں پٹرول، گیس، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خطرہ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس صورتحال سے جاپان، کوریا، بھارت، چین، پاکستان اور بنگلادیش سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر آبنائے ہرمز بند رہی تو یورپ میں فضائی سفر بری طرح متاثر ہو جائے گا، جبکہ عالمی توانائی منڈی میں بھی شدید بے یقینی پیدا ہو سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ صورتحال عالمی معیشت کے لیے ایک بڑا چیلنج ثابت ہو سکتی ہے اور فوری سفارتی و معاشی اقدامات کی ضرورت ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *