وزیراعظم شہباز شریف کا یومِ دستور کے موقع پر پیغام
اسلام آباد(بولونیوز) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے یومِ دستور (10 اپریل 2026) کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم آئینِ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی منظوری کے دن کو قومی جذبے کے ساتھ منا رہے ہیں اور اس موقع پر دستور کے معماروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئین عوام اور ریاست کے درمیان ایک مقدس معاہدہ ہے جو دونوں کے حقوق اور فرائض کا قانونی، اخلاقی اور انتظامی تعین کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 10 اپریل 1973 کو منظور ہونے والے متفقہ آئین نے پاکستان میں پارلیمانی جمہوری نظام کی بنیاد رکھی اور ریاستی اداروں کے مضبوط ڈھانچے کو تشکیل دیا۔
شہباز شریف کے مطابق 1973 کا آئین ملک کے تمام شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا محافظ ہے، جو نہ صرف ان حقوق کی وضاحت کرتا ہے بلکہ ان کی فراہمی کے لیے قانونی لائحہ عمل بھی فراہم کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئین وفاقِ پاکستان اور قومی اتحاد کی روشن علامت ہے، اور ملک کی تمام اکائیاں قومی یکجہتی اور معاشی ترقی کے لیے اپنا آئینی کردار ادا کر رہی ہیں۔ یہ اتفاق اللہ تعالیٰ کے خصوصی فضل و کرم کا عکاس ہے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمت ہے اور ہم اس کے سامنے سر بسجود ہیں۔ پاکستان اقوامِ عالم میں اپنا وقار بلند کیے ہوئے ترقی اور خوشحالی کے سفر کو ان شاء اللہ جاری رکھے گا۔


