نہم و دہم جماعت کے سالانہ امتحانات کا آغاز آج سے ہوگا
کراچی(بولونیوز) شہر بھر میں نہم و دہم جماعت کے سالانہ امتحانات کا آغاز آج سے ہو گیا ہے، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
کراچی بورڈ کے مطابق بورڈ آفس کے کمیٹی روم میں خصوصی مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا گیا ہے، جبکہ امتحانی پرچوں کی ترسیل کی براہِ راست نگرانی بھی کی جائے گی۔
انتظامیہ کی درخواست پر کمشنر آفس میں بھی مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے تاکہ پورے امتحانی عمل کو مؤثر انداز میں مانیٹر کیا جا سکے۔
کمشنر کراچی نے امتحانی مراکز کے اطراف میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔ اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی بورڈ کی جانب سے باضابطہ لیٹر جاری کر دیے گئے ہیں۔
سائبر سیکیورٹی کے تحت سوشل میڈیا اور واٹس ایپ گروپس پر پرچے لیک ہونے کی روک تھام کے لیے بھی خصوصی نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔
ناظم امتحانات نے ہدایت جاری کی ہے کہ کسی وجہ سے اگر کوئی طالب علم پہلے دن اپنے امتحانی مرکز نہ پہنچ سکے تو وہ قریبی امتحانی مرکز میں جا کر اپنا پرچہ دے سکتا ہے۔


