سندھ میں کفایت شعاری پالیسی نافذ، مارکیٹس اور شاپنگ مالز کے اوقات کار تبدیل
کراچی(بولونیوز) سندھ حکومت نے کفایت شعاری پالیسی کے تحت نیا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے دکانوں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز کے اوقات کار میں تبدیلی کر دی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی سمیت دیگر ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے علاوہ تمام اضلاع میں دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند ہوں گے، جبکہ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں یہ وقت رات 9 بجے مقرر کیا گیا ہے۔
حکومتی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہوٹلز اور فوڈ آؤٹ لیٹس شام 7 بجے سے رات 11:30 بجے تک کھلے رہیں گے، تاہم ہوم ڈیلیوری اور ٹیک اوے سروس پر کوئی پابندی عائد نہیں ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شادی ہالز اور بینکوئٹس کو رات 8 بجے سے 12 بجے تک تقریبات کی اجازت ہوگی۔
اس کے علاوہ تندور، ملک شاپس، بیکریز، میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز، کلینکس، اسپتال اور پیٹرول پمپس کو پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ فیصلے فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور ان کا مقصد توانائی کے بہتر استعمال اور کفایت شعاری کو فروغ دینا ہے۔


